محمدﷺ : انسانیت کا بے غرض لیڈر ( سوامی آرایس ٹھا کر )
” محمدﷺ : انسانیت کا بے غرض لیڈر”
از قلم : سوامی آر ایس ٹھاکر، مدیر انصاف، امرتسر
میں منصف مزاج غیر مسلموں سے ضرور عرض کروں گا کہ وہ تعصب کو بالائے طاق رکھ کر ایک دفعہ عرب کی اس وقت کی تاریخ کا مطالعہ کریں جب وہ دنیا بھر کی برائیوں میں مبتلا تھے ، نہ ان کا دھرم تھا، نہ ایمان، نہ اخلاق تھا، نہ کیریکٹر ۔ آپ ایسی حالت میں اپنے آپ کو ان کی اصلاح کے لیے تیار کریں اور پھر اندازہ کریں کہ آپ کے سامنے کس قدر مشکل کام ہے اور اس کے لیے آپ کو کتنا وقت درکار ہو گا۔ یہ سب کچھ اچھی طرح ذہن نشین کر لینے کے بعد آپ حضرت محمد صاحب کے کام پر نظر ڈالیں کہ انہوں نے کس طرح اور کتنے تھوڑے عرصہ میں اس قوم کی کایا پلٹ دی۔ آپ نے کس طرح دکھ اٹھائے اور مصیبتیں جھیلیں اور سخت سے سخت تکالیف کا سامنا کیا ؟ اور پھر یہ سب کچھ کس لیے ؟ عزت کے لیے یا کسی دیگر ذاتی غرض کے لیے؟ آپ اس کا جواب بھی تاریخ میں تلاش کریں اور خاص طور پر اس زمانہ پر نظر ڈالیں جب کہ تمام عرب میں اسلام کا جھنڈا لہرا رہا تھا اور آپ مکمل طور پر رسول اللہ تسلیم کر لیے گئے تھے۔ تاریخ کے مطالعہ سے آپ کو معلوم ہوگا کہ اتنا بڑادرجہ اور اتنی بڑی کامیابی حاصل کر کے بھی دنیاوی نقطۂ نظر سے آپ نے کوئی ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا، عیش وعشرت کے وسائل بسہولت مہیا ہو سکنے کے باوجود بھی آپ کا خانگی ساز و سامان ایک معمولی انسان کے ساز و سامان سے بڑھ کر نہ تھا۔
جب آنحضرت فوت ہوئے ہیں، تو آپ کی بیوی حضرت عائشہ کی شہادت ہے کہ چند صاع (سیر) کے بدلے آنحضرت کی زرہ رہن تھی۔حضرت عائشہ کی شہادت ہے کہ مہینے گزر جاتے اور ہمارے گھر میں آگ نہ جلتی اور جب تک آپ زندہ رہے، گندم کی روٹی بہت کم نصیب ہوئی۔
جب میں ایسی باتیں پڑھتا ہوں تو میری آنکھوں سے بے اختیار آنسو نکل پڑتے ہیں اور دل تھر تھرا اٹھتا ہے۔ خلق خدا کی بہتری کے لئے اس سے زیادہ قربانیاں اور کیا ہو سکتی ہیں؟
( کتاب : پیغمبر اسلامﷺ غیر مسلموں کی نظر میں؛ مرتب : محمد یحییٰ خان)


Comments are closed