جواب :
مسلمانوں کو جنت بطور انعام کے دی جائے گی اور انعام فرمانبرداری اور کامیابی پر دیا جاتا ہے اور جنت میں داخلے کے لیے ایمان کا ہونا شرط ہے اس لیے گنہگار مسلمان تو اپنی سزا کاٹ کر ایمان کی بدولت اللہ کی رحمت کے حقدار بن کر جنت میں داخل ہوں گے لیکن غیر مسلم ایمان نہ ہونے کے باعث اس اعجاز کے مستحق نہیں ہوں گے، اسلام کا یہ نظام عین انصاف کے مطابق ہے کہ جو لوگ دنیا میں اللہ اور اس کے رسول پر اور مرنے کے بعد کی زندگی پر ایمان لائیں گے اور مسلمان بن کر زندگی گزاریںگے مرنے کے بعد اللہ ان کو بطور انعام جنت میں داخل کریں گے اور جو لوگ خدا و رسول کا انکار کر کے کفر کے ساتھ مریں گے وہ جہنم میں داخل کیے جائیں گے( سورہ اعراف آیت نمبر 40/) میں اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ جو لوگ ہماری آیتوں کو جھٹلاتے ہیں اور ان (کے ماننے) سے تکبر کرتے ہیں ان کے لیے آسمان کے دروازے نہ کھولے جائیں گے اور وہ لوگ کبھی جنت میں نہ جاویں گے جب تک کہ اونٹ سوئی کے ناکے کے اندر سے نہ چلا جاوے اور ہم مجرموں کو ایسی سزا دیتے ہیں لہذا جنت اللہ و رسول کو ماننے والوں کا حق ہے نہ کہ کافروں کا۔