سوال : وجود باری تعالیٰ پہ دلائل دیجیے ؟
جواب:
وجود باری تعالیٰ پہ دلائل
دلیل نمبر : 01
ہم سب ایک زمانہ میں موجود نہیں تھے ایسے ہی ایک زمانہ وہ بھی آئے گا جب ہم موجود نہیں رہیں گے اور یہ بات بھی یقینی ہے کہ دنیا سے کوئی اپنی مرضی اور ارادہ سے جانا نہیں چاہتا ہمارے قصد و ارادہ کے بغیر ہم سب کو جب دنیا سے جانا پڑ رہا ہے، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ کوئی ذات ہے جسکے ارادہ کے سامنے ہم سب لاچار وہ بے بس ہیں اس نے جب چاہا پیدا کردیا اور جب چاہے گا ہم کو موت دے دے گا یقیناً وہی قادر مطلق ذات اللہ رب العزت کی ذات ہے-
دلیل نمبر : 02
جب ہم کسی مکان کو دیکھتے ہیں تو بنانے والے کو سمجھتے ہیں، چھوٹے سے لیکر بڑے اس دنیا میں کوئی مکان ایسا نہیں جس کا کوئی بنانے والا نہ ہو کوئی نشان ایسا نہیں کہ اسکے لئے کوئی جانے والا نہ ہو، اب یہ کائنات جو اتنا بڑا مکان ہے کسےو بغیر خالق و صانع کے ہوسکتا ہے؟
ہاں اگر اسکی حالت میں تبدیلی نہ ہوتی اور کسی چیز کی حاجت مندی اس سے ظاہر نہ ہوتی تو یوں بھی کہ سکتے کہ جیسے خدا موجود بالذات (خود بخود) ہے، یہ بھی موجود بالذات ہے لیکن یہاں جس طرف نظر ڈالیں ذلت و خواری ٹپک رہی ہے-
یہ کائنات جو اتنا عظیم ہے اس کا وجود ہی اسکے صانع اور خالق پر دلالت کرتا ہے وہی خالق اور صانع اللہ ہے-
دلیل نمبر : 03
فزکس کی رو سے ہر حرکت کے لئے کوئی نہ کوئی محرک کا ہونا ضروری ہے، اس کائنات میں بھی حرکت ہورہی ہے، لہٰذا اسکے لئے بھی کوئی محرک کا ہونا ضروری ہے اور اسی محرک کو خدا کہتے ہیں-
دلیل نمبر : 04
جس چیز میں تغیر (changing) ہوتا ہے وہ محتاج ہوتی ہے، اس کائنات میں بھی تغیر ہو رہا ہے جس کا مشاہدہ ہم اور آپ کر رہے ہیں-
لہذا یہ کائنات محتاج ہے اور ہر محتاج چیز ناقص ہوتی ہے جسکا وجود کسی کامل ذات کے بغیر نہیں ہوسکتا، اسی کامل ذات کو جس نے کائنات کو وجود بخشا ہے خدا کہتے ہیں-

